لاہور (پی این آئی) ایل پی جی مزید مہنگی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی مہنگی ہونے کے بعد پاکستان میں بھی ایل پی جی مہنگی کر دی گئی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں ایل پی جی کی فی میٹرک ٹن قیمت میں 70 ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد پاکستان میں بھی ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 31 جولائی کو بھی ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا۔ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے 86 پیسے اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد فی کلو ایل پی جی کی نئی سرکاری قیمت 201 روپے 15 پیسے مقرر کردی گئی تھی۔
ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں281 روپے51 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 2373 روپے 64 پیسے مقرر کردی گئی تھی۔جولائی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2092 روپے 13پیسے کا تھا، جولائی کیلئے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 177 روپے 29 پیسے مقرر تھی۔ تاہم ملک میں کہیں بھی سرکاری قیمت پر ایل پی جی دستیاب نہیں تھی۔ ملک بھر میں آج بھی کہیں بھی سرکاری قیمت پر ایل پی جی فروخت نہیں ہو رہی۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی بلیک میں فروخت جاری ہے، ہر علاقے میں ایل پی جی فروخت کرنے والوں نے مان مانی قیمت مقرر کر رکھی ہے۔اس حوالے سے حال ہی میں چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اہم انکشاف کیا گیا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کی مختلف قیمت وصول کی جا رہی ہے۔ کئی علاقوں میں تو ایل پی جی کی قیمت میں خود ساختہ 170 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا، کئی علاقوں میں ایل پی جی 350 روپے کی قیمت میں فروخت کی جا رہی ہے۔ عوام کیلئے سوئی گیس کی قلت ہے اور ایل پی جی قوت خرید سے باہر ہو گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں