اسپیکر قومی اسمبلی کو توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کیلئے پہلی درخواست موصول ہوگئی

اسلام آباد (پی این آئی) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو توہین پارلیمنٹ کارروائی کیلئے پہلی درخواست موصول ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین قادر خان مندوخیل نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے نام لکھ کر 10 وزارتوں اور اداروں کے افسران کیخلاف توہین پارلیمنٹ کارروائی کی سفارش کر دی۔

چیئرمین متاثرہ ملازمین کمیٹی نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری توانائی کیخلاف توہین پارلیمنٹ کارروائی کی سفارش کی۔ خط میں سیکرٹری سول ایوی ایشن،ڈی جی سول ایوی ایشن،سی ای او پی آئی اے،سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن کیخلاف بھی کارروائی کی سفارش کی گئی۔ قادر خان مندو خیل نے صدر نیشنل بینک،سیکرٹری تعلیم،سیکرٹری ریلوے،سی ای او اسٹیل مل اور ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹور کو بھی توہین پارلیمنٹ کارروائی کیلئے نامزد کیا۔جبکہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی متاثرہ ملازمین کے 72 اجلاس منعقد ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے 5 لاکھ سے زائد ملازمین کے احکامات جاری کئے،کمیٹی نے ہزاروں عارضی ملازمین کی مستقلی کی سفارش کی،جبکہ ہزاروں بر طرف ملازمین کی بحالی کے احکامات بھی جاری کئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی نے “توہین پارلیمنٹ” بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔قومی اسمبلی اجلاس میں توہین پارلیمنٹ بل 2023 پیش کیا گیا،بل چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط و استحقاق رانا قاسم نون نے پیش کیا تھا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد وضوابط و استحقاق نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 کی منظوری دی تھی۔

جبکہ سینیٹ نے بھی توہین پارلیمنٹ بل کو متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔ سینیٹ اجلاس میں توہین پارلیمنٹ بل سینیٹر کہدہ بابر نے پیش کیا تھا۔ بل کے مطابق پارلیمنٹ،کمیٹی اور رکن پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کرنے پر سزا اور جرمانہ ہو گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close