وزیراعظم آزاد کشمیر کی یوم آزادی پاکستان شایان شان طریقے سے منانے کی ہدایت

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق نے ہدایت کی ہے کہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر جملہ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا کر سلامی دی جائے، یوم آزادی کے سلسلہ میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 13 اگست کی شام کو مشعل بردار ریلیاں جبکہ 14 اگست کو شایان شان انداز میں قومی تقریبات منعقد کر کے عوام الناس کی شرکت کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلہ میں ڈویژن و ڈسٹرکٹ لیول پر سیاسی قیادت کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔ یوم آزادی پاکستان 24 اکتوبر کی طرز پر منایا جائے گا اور اس سلسلہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔

مظفرآباد میں 13 اگست کی شام کو ساتھرا کے مقام پر چراغاں کیا جائیگا، 14اگست کو سرکاری تعطیل نہیں ہوگی بلکہ تمام دفاتر اور بشمول تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی پاکستان کے انتظامات کے حوالہ سے وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینئر موسٹ وزیر و چیئرمین تقریبات کمیٹی کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی سمیت متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹریز ودیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہاکہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پر بڑے شہروں میں قومی زعما کی تصاویر کو آویزاں کیا جائے،آزادکشمیر میں ڈویژن سے لیکر نیابت کی سطح تک تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم آویزاں کیا جائے، یوم آزادی کے سلسلہ میں تمام تعلیمی اداروں میں تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیاجائے، جشن آزادی کے سلسلہ میں سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے۔ تقریبات کمیٹیاں اس حوالہ سے ڈویژن و ضلعی سطح ْعوامی شرکت کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کیلئے سیاسی عمائدین، انجمن تاجران، سول سوسائٹی سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے رابطہ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں