مون سون کے دوران عوام کے نقصانات کے ازالے، بروقت معاوضے کی ادائیگی کے لیے وسائل فراہم کررہے ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کا اجلاس سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران عوام کے نقصانات کے ازالے اور بروقت معاوضہ جات کی ادائیگی وسائل فراہم کررہے ہیں۔متاثرین کی مشکلات کا احساس ہے پہلی ترجیح انکو ریلیف فراہم کرنا ہے،حکومت اپنے وسائل کے مطابق متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، کوہالہ مظفرآباد روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے،مظفرآباد دومیشی میں لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کے لیے متبادل اراضی تجویز ہو چکی ہے، مکانوں کی تعمیر میں معاونت کریں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ انتظامیہ حالیہ موسم کے دوران لوگوں کی موثر رہنمائی یقینی بنائے، عوام الناس سے بھی اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کی بارشوں سے جن لوگوں کے نقصانات ہوئے ہیں انہیں ریلیف فراہم کیا جائے، مشکل مالی حالات میں مون سون سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے ریلیف فراہم کررہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ دومیشی میں لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین کی جلد از جلد متبادل جگہ پر منتقلی یقینی بنائی جائے گی۔ حالیہ بارشوں کی وجہ سے آزادکشمیر بھر میں جو نقصانات ہوئے ہیں انکا ڈیٹا مرتب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام رابطہ سڑکات کو جلد از جلد کھولا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں