سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ برائے ایشیاء کے ڈائریکٹر جنرل آپریشن ڈاکٹر سعود عائید الشماری کی قیادت میں وفد کی صدر آزاد کشمیر سے ملاقات

مظفرآباد (پی این آئی ) صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور آزادکشمیر کے درمیان بھائی چارہ اور دوستی کا ایک دیرینہ رشتہ ہے اور جہاں ہمیشہ سعودی عرب نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے وہاں پر مشکل وقت میں بھی سعودی عرب نے ہمیشہ آزادکشمیر میں بڑھ چڑھ کر سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔ 2005کے ہولناک زلزلے میں سعودی عرب نے وسیع پیمانے پر آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے کام کروائے اور متاثرین زلزلہ کی آبادکاری اور بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسی طرح ساڑھے13ارب روپے کی لاگت سے آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے کنگ عبداللہ کیمپس چھتر کلاس کی تعمیر کی گئی ہے جو کہ سعودی حکومت کی طرف سے آزادکشمیر کی عوام کیلئے ایک خوبصورت تحفہ ہے جس پر میں سعودی عرب کی حکومت کا آزادکشمیر کی عوام کی جانب سے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ برائے ایشیاء کے ڈائریکٹر جنرل آپریشن ڈاکٹر سعود عائید الشماری کے ہمراہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر وفد نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آزادکشمیر میں سعودی حکومت کی طرف سے جاری اور پایہ تکمیل کو پہنچنے والے منصوبوں اور پروجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد کا آزادکشمیر میں منصوبے شروع کرنے اور بالخصوص کنگ عبداللہ کیمپس جیسے مثالی منصوبے کی تکمیل پر سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیری عوام کی مشکل وقت میں مدد کی ہے اور ہمارا یہ رشتہ لازوال ہے جبکہ اسی طرح سعودی حکومت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اصولی موقف اپنائے رکھا ہے اور ہر فورم پر کشمیریوں کے حق کے لئے آواز بلند کی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں