عمران خان دورِ حکومت میں وفاقی وزیر رہنے والی شخصیت کا نام بھی نگران وزیراعظم کیلئے زیر غور

اسلام آباد(پی این آئی) نگران وزیراعظم کیلئے شارٹ لسٹ ہونیوالوں میں حفیظ شیخ کا نام بھی شامل کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں یہ انکشاف کیا کہ نگران وزیراعظم کے لیے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ اور سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کا نام بھی شارٹ لسٹ ہونے والوں میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے شارٹ لسٹ ہونے والوں میں اسحاق ڈار اور شاہد خاقان عباسی کا نام شامل نہیں۔ یاد رہےکہ حفیظ شیخ تحریک انصاف کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ اور پھر وفاقی وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں، وہ سینیٹ میں اسلام آباد کی نشست سے تحریک انصاف کے امیدوار بھی رہے، انہیں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں شکست ہوئی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم و ن لیگ کے سینیئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نگران وزیراعظم کیلئے جماعت جو فیصلہ کرے گی قبول ہوگا۔

تلہ گنگ میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کیلئے جماعت جو فیصلہ کرےگی قبول ہوگا۔ان کا کہنا تھاکہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن ہوں گے، نئی یا پرانی مردم شماری کے تحت انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ شاہد خاقان کا کہنا تھاکہ پارٹی میں میرا نہ کوئی عہدہ ہے نہ میں وزیر ہوں لیکن پارٹی جو ذمہ داری دے گی وہ ادا کروں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close