ملک کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا؟ وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا دعویٰ

قصور (پی این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا اگلا وزیراعظم نوازشریف ہوگا، ملکی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے قصور میں قصور بہاولپور موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

ریلوے اسٹیشن گراؤنڈ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا وہ 263 ارب روپے کے منصوبے ہیں یہ معاشی انقلاب لائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ 2008 میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، ہم نے 5 سالوں میں بجلی کے اندھیرے ختم کیے۔ نواز شریف کے دور میں کرپشن نہیں تھی، اُنہوں نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، چین سے سی پیک کا منصوبہ لائے۔ نواز شریف کے دور میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ نواز شریف کی عوامی خدمات کی فہرست ختم نہیں ہوگی۔شہباز شریف نے کہا کہ جلسے میں عوام کا سمندر دیکھ کر 16 ماہ کی تھکن اتر گئی، موٹر وے کی تعمیر سے خوشحالی کا انقلاب آئے گا۔وزیراعظم نے نواب شاہ میں ٹرین حادثہ کے جاں بحق افراد کی موت پر اظہار افسوس بھی کیا۔اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے پی کے ایل آئی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی مریضوں کیلئے ایک امید کی کرن ہے۔

پروفیسر سعید اختر نے پی کے ایل آئی کیلئے شب و روز محنت کی، 2018ء میں پی کے ایل آئی کی تکمیل ہوئی۔ پی کے ایل آئی میں امیر اور غریب کا بلا تفریق علاج ہو رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی ٹرسٹ فنڈ ز میں 15 ارب روپے اکٹھے ہوگئے، مخیر حضرات بھی فنڈ ز اور ادوایات دے رہے ہیں، پی کے ایل آئی میں ڈاکٹرز اور عملہ بہترین خدمات انجام دے رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں