مظفرآباد، سعودی فنڈ فار ڈیویلپمنٹ کا پاکستان میں کنگ عبداللہ کیمپس پروجیکٹ کا افتتاح

اسلام آباد(پی این آئی)سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ایشیا آپریشنز، ڈاکٹر سعود بن عاید الشمری نے پاکستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ جموں و کشمیر یونیورسٹی میں کنگ عبد اللہ کیمپس کا افتتاح کردیا۔

اس منصوبے کی لاگت 90 ملین ڈالر ہے جس کی فنڈنگ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے کی۔ اس منصوبے میں یونیورسٹی کی کچھ عمارتوں کی تعمیر نو اور اس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہے جس کا کل رقبہ (365 ہزار مربع میٹر) ہے۔ اس پراجیکٹ کا مقصد یونیورسٹی کو ترقی اور توسیع دینے میں مدد کرنا ہے تاکہ طالبات اور طالب علموں کے لیے یونیورسٹی میں داخلے کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ میں ایشیا آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ 2005 میں کشمیر میں آنے والے زلزلے کے بعد کنگ عبداللہ یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر نو کے لیے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کا تعاون، سعودی عرب کی پاکستان کی ترقی کے لیے خواہش کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے بنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوزکرتا ہے، یہ منصوبہ قریبی ترقیاتی تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان کامیاب شراکت داری کے فریم ورک کا نتیجہ ہے جو 47 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ افتتاحی تقریب کے دوران جموں و کشمیر کے صدر نے کنگ عبداللہ یونیورسٹی کیمپس کی بہتری اور ترقی کے لیے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ذریعے تعاون کرنے پر مملکت سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعلیمی منصوبہ ان اہم منصوبوں میں سے ایک ہے جو براہ راست مستفید ہونے والوں کی زندگیوں پر بہتر اور مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں