مون سون بارشوں کی شدت میں کمی کی پیشنگوئی، 4 سے 6 اگست کو کیا ہوگا؟ الرٹ جاری

لاہور (پی این آئی) سنٹرل فلڈ انفارمیشن سیل ڈی جی پی آر کے مطابق پنجاب کے دریائوں کی سیلابی صورتحال نارمل ہونا شروع ہو گئی، آنے والے دنوں میں مون سون بارشوں کی شدت میں کمی کے امکانات بھی ہیں۔

منگل کو سنٹرل فلڈ انفارمیشن سیل ڈی جی پی آر کو حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق تربیلا، چشمہ، کالا باغ، جسڑ شاہدرہ، بلوکی، جہلم اور چناب کے مقامات پر پانی کا بہا ئو نارمل ہے جبکہ دریائے ستلج اور سلیمانکی میں اسلام، دریائے راوی میں سدھنائی اور دریائے سندھ میں تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد70934 اخراج 63024 ہیڈ اسلام میں بالترتیب 54306 اور 53706 ریکارڈ کی گئی، اسی طرح دریائے سندھ میں تونسہ بیراج سے 357457 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔سنٹرل فلڈ انفارمیشن سیل کے مطابق 4 سے 6 اگست کے دوران منگلہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اضلاع کی انتظامیہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل رکھے ہوئے ہیں اس ضمن میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے بھی دریائی کٹا ئوکی وجہ سے چناب میں بہہ جانے والے موضع جات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات کی ہیں۔

تحصیل بھوانہ کے موضع ساہمل کوریا اور ٹھٹہ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نبیل جاوید نے ڈی سی چنیوٹ کو بحالی کے کاموں کیلئے فوری فنڈز کی فراہمی ، ایمرجنسی بنیادوں پر بحالی کا کام مکمل کرنے اور سیلاب متاثرین کو جلد از جلد باوقار رہائش فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ایس ایم بی آر نے اجلاس کو ہدایت دیتے ہوئے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close