معصوم گھریلو ملازمہ بچی رضوانہ تشدد کیس، چیف جسٹس پاکستان سے سوموٹو نوٹس کی اپیل کر دی گئی

لاہور(آئی این پی)تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ رضوانہ کے حوالے سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنرل ہسپتال میں زیر علاج تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی طبیعت بگڑ گئی ہے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے اس کیس میں سوموٹو نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کا شکار معصوم بچی رضوانہ کو انصاف کی فراہمی کیلئے اس کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے۔

اس کیس میں انویسٹی گیشن، پراسیکیوشن اور عدلیہ کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ سارہ احمد نے کہا کہ معصوم گھریلو ملازمہ پر تشدد سے پوری دنیا میں ہمارا امیج خراب ہوا ہے۔ اس ٹیسٹ کیس میں انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔ بچی کی صحتیابی کے بعد بہتر تعلیم اور پرورش کیلئے بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں رکھنے کیلئے والدین کوپیشکش کی ہے۔ سارہ احمد نے کہا کہ تشدد کا شکار بچوں کے بارے میں چائلڈ ہیلپ لائن 1121پر اطلاع دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں