آل پاکستان انجمن تاجران نے اسحاق ڈار کو نگران وزیر اعظم بنانے کا مطالبہ کر دیا

لاہور (آئی این پی) آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر نے معاشی پالیسیوں کے تسلسل کے لئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران وزیر اعظم بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نے دو دفعہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، وہ معیشت کو استحکام اور رواں رکھ سکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سہیل بٹ ، خواجہ وسیم ، عم جاوید بٹ ، اشفاق بٹ ، جعفر حسین ، رضوان بٹ ، عاصم قریشی ، شہزاد نثار سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

نعیم میر نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کا تسلسل معیشت کے لئے ناگزیر ہے ، خدا خدا کرکے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا،ہم معیشت پر کسی نئے تجربے کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم کی تقرری پالیسیوں کی تسلسل کی کڑی ہونی چاہئے، اسحاق ڈار نے دو دفعہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، اسحاق ڈار نے درپیش معاشی چیلنجز کا بصیرت اور حکمت کے ساتھ مقابلہ کیا، شہبازشریف کی قیادت میں اسحاق ڈار کی شبانہ روز محنت نے معیشت کو درست سمت دی، نگران وزیراعظم کے لئے اسحاق ڈار سے بہتر کوئی چوائس نہیں۔ نعیم میر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اسحاق ڈار کے ساتھ کام کرنے میں آسانی محسوس کرتی ہے ، اسحاق ڈار کی سیاسی بصیرت سے بھی انکار ممکن نہیں،اسحاق ڈار معیشت کو استحکام اور رواں رکھ سکتے ہیں ۔ قائد نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف ہماری درخواست پر غور فرمائیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اور بااثر حلقے بھی اسحاق ڈار کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں ، میرٹ کا تقاضا ہے کہ اسحاق ڈار کو موقع دیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں