الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اہم وزیر کو عہدے سے ہٹا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) نگران صوبائی وزیر شاہد خان خٹک کو سیاسی جلسے میں شرکت مہنگی پڑ گئی، الیکشن کمیشن نے شاہد خٹک کو فوری ہٹانے کا حکم جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہد خٹک کے خلاف اے این پی کے جلسے میں شرکت کی اطلاعات موصول ہوئیں، جلسہ میں شرکت پر صوبائی الیکشن کمشنر سے رپورٹ طلب کی گئی تھی۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو حکم جاری کیا ہے کہ جلسے میں خطاب پر صوبائی وزیر شاہد خٹک کو کابینہ سے ہٹا دیا جائے۔انہوں نے کہا نگران حکومت میں کسی بھی عہدیدار کو سیاسی و انتخابی مہم میں شرکت کی اجازات نہیں، کسی بھی نگران حکومت یا وزیر کو کسی قسم کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازات نہیں دے سکتے۔خیال رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے جلسے میں نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کی شرکت پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کا ردعمل سامنے آ یا تھا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع نے اپنے بیان میں کہا کہ نگران وزیر کی جلسے میں شرکت جانبدار ہونے کا ثبوت ہے، نگران حکومت کی غیر جانبداری اب ختم ہو چکی، الیکشن کمیشن کی خاموشی سے واضح ہوتا ہے کہ وہ بھی ان جماعتوں کو سپورٹ کر رہا ہے۔عبدالواسع نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی غیر جانبداری واضح کرے، نگران حکومت میں جن لوگوں کو الیکشن کا شوق ہے وہ میدان میں نکلیں اور وہاں مقابلہ کریں، حکومتی مراعات اور وزارت کو استعمال کرتے ہوئے نگران وزراء سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع نے کہا کہ نگران حکومت پہلے ہی صوبے میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ کے حوالے سے بدنام ہے، نگران حکومت نگرانی کے بجائے ہر جگہ ہاتھ ڈالے ہوئے ہے، خیبرپختونخوا کی نگران حکومت میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ نگران وزراء دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار میں مصروف ہیں، اب نگران وزراء سیاسی پارٹیوں کیلئے جلسے بھی منعقد کرنے لگے ہیں، نگران حکومت نے آئین، قانون اور اخلاقیات کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں