سراج الحق نے بلوچستان کے غریب عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا

کوئٹہ(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلوچستان کو جلانے میں سب کا ہاتھ ہے، وزیر اعظم بلوچستان کے مسائل پر کابینہ کا اجلاس طلب کریں، بدامنی کی وجوہات جاننے کی ضرورت ہے۔بلوچستان کے اجتماعی، قومی مسائل کے حل کے حوالے سے منعقدہ قومی امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان نہیں عالم اسلام کیلئے اہم ہے، پوری دنیا کی نظریں گوادر پر ہیں، بلوچستان گیٹ وے ہے اور وہ مسائل کا شکار ہے،

بلوچستان کے لوگ محب وطن ہیں، یہاں کے لوگوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ انہیں آئینی حقوق دیئے جائیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ 19 لاکھ بلوچستان کے بچے تعلیمی اداروں سے باہر ہیں، جہاں بدامنی ہو وہاں خوشحالی کیسے آسکتی ہے، مسائل کا ذمہ دار کون ہے؟، پیسہ حکمرانوں کی سکیورٹی پر خرچ ہوتا ہیعوام پر نہیں، حکمران خود کہتے ہیں کچے کے ڈاکوں کے پاس جدید اسلحہ ہے، لوگ بھتہ دینے پر مجبور ہیں، ہمیں اس ملک سے بھاگنا نہیں یہیں ہمارا سب کچھ ہے۔سراج الحق نے مزید کہا ہے کہ آج کے حکمران کل یہاں سے بھاگ جائیں گے، عدالتوں میں انصاف نہیں ہے، ہمارے ادارے احتساب کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے، بلوچستان وسائل سے مالامال ہے مگر سب سے زیادہ غربت اور بے روزگاری یہاں پر ہے، غریب عوام بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں، یہاں غریب ووٹ دینے کیلئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں