سید علی گیلانی کا مقبول نعرہ ” ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” ہر کشمیری کے دل کی آواز ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی مظفر آباد میں میڈیا سے گفتگو

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔ کشمیریوں اور پاکستان کا رشتہ اٹوٹ اور ہر لحاظ سے ناقابل تسخیر ہے، ہندوستان قابض فورسز کے بدترین مظالم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے دلوں سے پاکستان کیلئے محبت کم نہ کر سکے۔سید علی شاہ گیلانی کا مقبول نعرے ” ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے” ہر کشمیری کے دل کی آواز ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے شہیدوں کے جنازے سبز ہلالی پرچم میں دفنا کر مملکت خداداد پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے مظفرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو اور مختلف سیاسی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کی غاصبانہ سوچ کی تکمیل کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کا سلسلہ1947ء میں شروع ہوا وہ آج بھی جار ی و ساری ہے، آج کشمیریوں کی تیسری نسل اپنے حق کے حصول کے لیے اپنے آباو اجداد کی طرح پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کے کشمیری یوم الحاق پاکستان اس عزم سے منا رہے ہیں کہ حق خوداردیت کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرانے سمیت تمام ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب پاکستان ٹیم میچ جیتتی ہے تو سب سے زیادہ جشن سرینگر میں منایا جاتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کے باوجود کشمیریوں کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ پاکستان کا جھنڈا لہرا کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ جغرافیائی، نظریاتی، مذہبی اور ثقافتی رشتہ ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ 19جولائی 1947کو کشمیریوں کی اعلیٰ قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدو جہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی قابض فوج کے آگے سینہ سپر ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان نے بھی ہمیشہ کشمیریوں کی بھرپور حمایت کی ہے اور عالمی فورمز پرکشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا ہے۔کشمیری عوام اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھییں گے جب تک ساری ریاست جموں وکشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں