کل عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا

پشاور (پی این آئی) نئے ہجری سال کے آغاز پر عام تعطیل کا اعلان، صوبہ خیبرپختونخواہ میں یکم محرم الحرام کو نئے ہجری سال کے آغاز پر عام تعطیل ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کی نگران حکومت نے صوبے میں نئے ہجری سال کے آغاز پر عام تعطیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی حکومت کے فیصلے کے تحت یکم محرم الحرام یعنی 20 جولائی بروز جمعرات کو صوبے بھر میں عام تعطیل ہو گی۔یہاں واضح رہے کہ 1444 ہجری اپنے اختتامی لمحات میں داخل ہو گیا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق ہجری 1445 کے چاند کی پیدائش ہو چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے کلائمیٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ محرم الحرام 1445 ہجری کے چاند کی پیدائش 17 جولائی کی رات 11 بج کر 32 منٹ پر ہو چکی، تاہم ملک میں آج بروز منگل کہیں چاند نظر نہیں آیا۔محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں طلب کیا گیا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس چیئرمین مولانا سیدمحمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کے ممبران،وزارت مذہبی امور، محکمہ سپارکو،محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ جبکہ پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز اسلام آباد،لاہور،کراچی اورپشاورمیں منعقد کیے گئے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا، تاہم اس دوران ملک کے کسی حصے سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک میں منگل کے روز محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا۔

آج بروز منگل چاند نظر نہ آنے کے باعث ملک میں یکم محرم الحرام جمعرات 20 جولائی کو ہو گی، جبکہ یوم عاشور 29 جولائی بروز ہفتہ کو ہو گی۔واضح رہے کہ یوم عاشور کو ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ دوسری جانب سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں آج بروز منگل کو ماہ ذی الحج اور ہجری 1444 کا اختتام ہو گیا۔ خلیجی ممالک میں آج ذی الحج کی 30 تاریخ تھی، ان ممالک میں بھی گزشتہ روز 29 ذی الحج کو محرم الحرام کو چاند نظر نہیں آیا تھا۔ سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں یوم عاشور 28 جولائی بروز جمعہ کو ہو گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں