مون سون بارشوں کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہونے کو تیار۔۔ کتنے روز مسلسل بارشوں کا امکان ہے؟ پیشنگوئی کر دی گئی

لاہور (پی این آئی) مون سون بارشوں کا ایک اور تگڑا سسٹم ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، 18 سے 21 جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے جس کے باعث اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی شہروں میں نشیبی علاقے زِیرآب آ سکتے ہیں۔پیر کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 18 جولائی کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں پاکستان کے زِیرانتظام کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور، مردان اور میانوالی سمیت متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 19 جولائی سے 21 جولائی کے دوران بلوچستان اور سندھ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

ان بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد، روالپنڈی، پشاور، گوجرانولہ اور لاہور میں نشیبی علاقے زِیرآب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ بیان میں لوگوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور بجلی کے کھمبوں اور برقی آلات سے دور رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close