جیل سے نکلتے ہی پرویزالٰہی کو پھر گرفتار کیے جانے کا امکان، پولیس نے بڑا اقدام اُٹھا لیا

لاہور (پی این آئی) پرویز الٰہی کیلئے ایک اور مشکل،نظر بند کرنے کی سفارش کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کی سفارش کر دی ہے،پولیس نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو نظر بندی کے احکامات جاری کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔

پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ پرویز الٰہی نقصِ امن کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے پرویز الٰہی کی نظر بندی کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا،جبکہ ڈپٹی کمشنر آفس سے بھی سابق وزیراعلٰی کی نظر بندی کے احکامات جاری نہیں کئے گئے۔ دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کی دوبارہ گرفتاری کا امکان ہے۔اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم کیمپ جیل کے باہر پہنچ گئی۔ پولیس کی بھاری نفری کیمپ جیل کے باہر موجود ہے۔جبکہ اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار بھی کیمپ جیل کے باہر پہنچ گئے۔ عدالت نے آج چوہدری پرویز الہیٰ کی رہائی کے روبکار جاری کی،جبکہ منی لانڈرنگ کیس میں چوہدری پرویز الہیٰ کے ضمانتی مچلکے منظور کئے گئے۔ روبکار جاری ہونے کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب کو آج رہا کر دیا جائے گا۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الٰہی کو کسی بھی مقدمہ گرفتار کرنے سے روک دیا تھا،لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی پر درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ سنایا۔عدالت نے پولیس اور اینٹی کرپشن کو خفیہ مقدمات میں گرفتار کرنے سے روکا،لاہور ہائیکورٹ نے زیر التوا انکوائری میں بھی سابق وزیر اعلی کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا،جسٹس امجد رفیق نے پرویز الٰہی کی درخواست پر فیصلہ سنایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close