جنرل باجوہ نے پہلی توسیع کے بعد ہی دوسری توسیع کا منصوبہ بھی بنا لیا تھا، پہلے مرحلےمیں عمران خان کا مکو ٹھپنا تھا اور پھر۔۔۔۔ حفیظ اللہ نیازی کے تہلکہ خیز انکشافات

لاہور (پی این آئی) سینئر کالم نویس اور سابق وزیراعظم کے کزن حفیظ اللہ نیازی نے دعویٰ کیا ہے کہ مملکت کا بحران آئینی نہ معاشی نہ معاشرتی، سیاسی عدم استحکام ہی ماں، اِسی کی کوکھ سے سارے بحرانوں نے جنم لیا ، عمران خان سے بھلا یہ کریڈٹ کون چھین سکتا ہے کہ جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ بنانے میں قدرت حاصل ہے۔

آج ہم جہاں کھڑے ہیں ، جنرل باجوہ کی مرہون منت ہے۔پہلی توسیع کے بعد ہی اگلی توسیع کی ٹھانی، تو ایک پلان ترتیب دیا۔ خواہش کو کامیاب بنانےکیلئے 2020 ءسے ہی جنرل فیض حمیدکیساتھ مل کر عملی جامہ پہنانا تھا ۔پہلے مرحلے میں عمران خان کا مکو ٹھپنا تھا۔ بعد ازاں اپوزیشن جماعتوں سے وعدہ ِفرداپر احتجاجی تحریک شروع کروانی تھی۔یقین ہے کہ اگر اپوزیشن جماعتیں اپنا سیاسی بیانیہ عمران خان کیخلاف رکھتیں تو فیضِ باجوہ سے کامیابی اُنکا مقدر بنتی۔بُرا ہو نواز شریف کا،رنگ میں بھنگ ڈال دی ۔20 اکتوبر کو گوجرانوالہ کی تقریر نے مزہ کر کراکر ڈالا۔ توپوں کا رُخ جنرل باجوہ اور جنرل فیض کی طرف موڑ دیا۔ اپوزیشن میں سراسیمگی اور بد مزگی ضرور پھیلی،نواز شریف کی عوامی پذیرائی اور مقبولیت کی ایک نئی لہر اُٹھی۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مریم نواز جہاں جاتیں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر اُمڈ آتا۔ کارکنان کے جوش و جذبہ نے مریم نواز کے جذبات کو بھی بھڑکائے رکھا۔ سچ اتنا کہ دسمبر 2021 میں نواز شریف ملکی تاریخ کے مقبول ترین لیڈر جبکہ عمران خان تاریخ کے بد ترین غیر مقبول رہنماٹھہرے۔ نواز شریف کے اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ کا جادوسر چڑھ کر بول رہا تھادوسری طرف عمران خان، جنرل باجوہ کے’’کارناموں‘‘ میں برابرکے شریک اور مستفید ، ایک مہرہ ناچیزکہلائے۔یہی ایک وجہ جب نواز شریف کا مقبول بیانیہ عمران خان کو اور عمران خان کا غیر مقبول بیانیہ نواز شریف کو منتقل ہوا تو عمران خان کی عوامی سپورٹ ساتویں آسماں پر جاپہنچی جبکہ نواز شریف کی سیاست زمیں بوس ہونا بنتی تھی ۔ سانحہ کہ5 سال 5 ماہ جنرل باجوہ کی گود میں کھیلنے والا، اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ ہتھیانے میں کامیاب ہو گیا۔

دوسری طرف 5 سال 5 ماہ جنرل باجوہ سے جوتے کھانے والے، چند ماہ کے اقتدار کے لالچ میں مہرہ بنے ،نواز شریف کی مقبول سیاست بیچ ڈالی۔ روزنامہ جنگ میں چھپنے والے اپنے کالم میں حفیظ اللہ نیازی نے لکھا کہ ’قومی میڈیا سے محرومی پرحاشیہ آرائی اور مبالغہ آرائی کی مقدار بڑھ چُکی ہے۔ جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ بنانا متعدی وبا بن چُکی ،چاہنے ماننے والوں کی اکثریت موذی مرض میں مبتلاہے۔ میڈیا پر غیر معمولی دسترس اور جارحانہ اندازِ سیاست عمران کیلئے’’واٹر لو‘‘ (WATERLOO) ثابت ہو رہا ہے۔سیاسی حکمت عملی ، فہم و فراست تدبر سے عاری ، سہولت اتنی کہ بھیانک انجام اور حالت کی سنگینی سمجھنے سے قاصر ہے۔چنانچہ د یر سویر ممکن، نام و نشان مٹنا، دیوار پر کندہ ہے۔اقتدار سے علیحدگی پر سنجیدگی سے تن من دھن کیساتھ فوری الیکشن کا مطالبہ کر بیٹھے۔ 25مئی 2022 کے لانگ مارچ کی’’شاندار ناکامی‘‘کے بعد بخوبی جان گئے کہ الیکشن نہیں ملنا۔تب سے فوری الیکشن پرتکرار صرف ڈھونگ ، مقبولیت کی موجودگی میں الیکشن کیلئے رالیں آخری سانس تک ٹپکتی رہنی ہیں۔ اصل مدعا شعوری یا لا شعوری طور پر مملکت کو برباد کرنے کیلئےہر حربہ بروئے کار لانا ہے۔ خود تو ڈوبے ہیں، مملکت کو ساتھ ڈبونے کی خواہش موجزن ہے۔واہ! جنرل باجوہ تیری تدبیر کہ عمران خان سے حکومت واپس لیکر نگران سیٹ اَپ کیلئے راہ ہموار کرنا تھی۔ باجوہ پلان کا پہلا اور آخری مقصدیہی تھا۔

شکریہ نواز شریف! باجوہ پلان ناکام بنایا۔ بد قسمتی اتنی کہ پرو اسٹیبلشمنٹ غیر مقبول سیاست اُنکے گلے پڑ گئی۔باجوہ پلان کیمطابق جب اپوزیشن تحریک عدم اعتمادلائی تو جنرل باجوہ نے کمال ِ ہشاری سے عمران کو قائل کر لیاکہ اگراپوزیشن تحریک عدم اعتماد واپس لے تو آپ اسمبلی تحلیل کر دیں ۔ باجوہ کی پہلی ناکامی اُسی وقت مقدر بنی جب اپوزیشن جماعتیں تحریک عدم اعتماد واپس نہ لینے پر ڈٹ گئیں ۔ باجوہ فیض گٹھ جوڑ کا ہمیشہ سے ٹارگٹ نگران سیٹ اَپ کا قیام ، اسکی موجودگی میں راوی نے چین اورتوسیع مدت ملازمت کی ضمانت دینا تھی۔ جنوری 2022 سپریم کورٹ میں خالی 5 اسامیاں ہتھیانا تھیں۔5 مرضی کے ججوں کیساتھ سپریم کورٹ قبضہ استبداد میں رہتا تو قاضی فائز عیسیٰ کا مکو ٹھپنا اور غیر معینہ مدت تک نگران حکومت رکھنا ممکن تھا ۔بد نیتی کا ایک پہلو اور بھی، جنرل عاصم منیر کی مدت ملازمت 1 ماہ 15 دن کم کر دی کہ ممکنہ دوڑ سے باہر رہیںجبکہ جنرل فیض کو لیفٹیننٹ جنرل پر ترقی 29 نومبر کو ملحوظ خاطر رکھ کر دی گئی ۔’’ آخری تدبیر اللہ کی‘‘ ، باجوہ پلان کی ہر تدبیر ناکام ٹھہری۔توسیع مدت ملازمت کی تگ و دو میں کیا کیا جتن نہ کئے۔ جنرل عاصم منیر کی ممکنہ تعیناتی رُکوانے کیلئے 26 نومبرکولانگ مارچ اور صدر علوی سے مل کرنوٹیفکیشن سے کھیلنا شاملِ حال رہے ۔عمران خان مملکت کو اپنے بھیانک انجام کیساتھ نتھی رکھنا چاہتے ہیں۔اقتدار سے جاتے جاتے معیشت کیلئے بارودی سرنگیں بھی اسی لئے بچھائیں۔

مزید ابتری کیلئے لوگوں کو سڑکوں پر لا کر سیاسی، معاشی عدم استحکام کو بڑھایا۔اسی تگ و دو میں IMF تک رسائی کی کوشش کی کہ مدد نہ مل سکے اور مملکت ڈیفالٹ کر جائے۔ اسٹیبلشمنٹ کیخلاف عمران خان کا دروہ مملکت پر قہر بن کر ٹوٹ رہا تھا۔عمران خان یہ بات جان چُکے ہیں کہ ریاست کو ساتھ لیکر ڈوبنے میں ہی اُنکی آسودگی ہے، حکومت اسٹیبلشمنٹ سمیت عمران خان سب بند گلی میں ، در حقیقت مملکت بند گلی میں ہے۔ میری عمران سے التجا کہ پاکستان سے بدلہ نہ لیں، جناب کو راستہ دینا ہوگا۔ اگر آپ نے انتقام میں اپنے آپ کو خرچ نہ کیا تو یقین دِلاتا ہوں آٹھ دس سال بعد اقتدار دوبارہ آپکے قدموں میں ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close