اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف کے قوم سے خطاب پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کا ردعمل آگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کا خطاب جھوٹ، فریب کا مجموعہ تھا، خطاب نااہلی اور مجرمانہ کارکردگی پر پردہ پوشی کی مایوس کن کوشش ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ تقریر نویسوں کی لفاظی سے جادو جگانے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، کشکول کو علامت بنانے والے بھکاریوں پر کوئی بھروسہ کرنے کو تیار نہیں، آئی ایم ایف سے ڈیل بھی پی ٹی آئی کی تائید و حمایت کے بعد ہی میسر ہوسکی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کا پہلا زینہ مجرموں سے نجات ہے، بے معنی گفتگو سے قوم کو شیشے میں اتارنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی سیاست روز روشن کی طرح قوم کے سامنے ہے، زرداری کو گلیوں میں گھسیٹنے والا شہباز شریف سب کے سامنے ہے، وہ ملک کو شبانہ روز تباہی کی دلدل میں اتارنے میں مصروف ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ قوم جان چکی ہے شہباز شریف شعبدہ بازی و غلامی کا جیتا جاگتا استعارہ ہے، شہباز شریف نے 6 فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو 0.3 فیصد پر پہنچایا، سازش سے مسلط سرکار نے امن کو آگ لگا کر ملک کو دہشت گردی کے سپرد کیا۔ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ مخلوط امپورٹڈ حکومت نے شہریوں کی عزت و وقار کو پامال کیا، مجرموں کی حکومت نے ملک و بے سمت اور عالمی تنہائی کا شکار کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں