عرب دوست کام آ گئے، پاکستان کا خزانہ ڈالروں سے بھر دیا

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسٹیٹ بینک میں ایک ارب ڈالر منتقل کردئیے ہیں‘پاکستان کے عوام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کا مشکور ہوں‘سعودی عرب اور یو اے ای سے 3 ارب ڈالر آچکے ہیں‘سٹیٹ بینک کے ذخائر میں بہتری آئیگی۔اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ یو اے ای نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر منتقل کردیے ہیں، یو اے ای نے اسٹیٹ بینک کے اکاؤنٹس میں رقم جمع کروا دی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ یو اے ای کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی تصدیق کی گئی ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کی جانب سے یو اے ای کی قیادت کا مشکور ہوں۔ اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام کی جانب سے بھی متحدہ عرب امارات کی قیادت کا مشکور ہوں۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور یو اے ای سے 3 ارب ڈالر آچکے ہیں، ہمارے اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بہتری آئے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کروائے تھے۔خیال رہے کہ وزارتِ خزانہ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کیدرمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پا گیا ہے۔وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارتِ خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ مان لیا۔آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)، چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔وزارتِ خزانہ کے پلان کے مطابق رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالرز، سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز اور یو اے ای سے 1 ارب ڈالرر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔پلان کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک سے 50، 50 کروڑ ڈالرز کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔وزارتِ خزانہ کے پلان کے مطابق آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالرز قرض کے معاہدے کے تحت حاصل کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس سے قبل ایکسٹرنل فنانسنگ کا پلان منظور ہونا لازمی تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں