خوفناک سیلابی ریلہ، آبادیاں اور گاڑیاں سب کچھ بہہ گیا

نئی دہلی(پی این آئی)بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں طوفانی بارشوں کے بعد دریائے بیاس بپھر گیا اور دریائے بیاس کا پانی کناروں سے باہر نکل کر آبادیاں اور گاڑیاں اپنے ساتھ بہا لے گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک کی شمالی ریاستوں میں طوفانی بارشوں کے باعث گزشتہ دو روز کے دوران کم از کم 12 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بھارتی محکمہ موسمیات نے نئی دلی، ہماچل پردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، راجستھان، پنجاب اور مقبوضہ کشمیر میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ ریاست ہماچل پردیش میں طوفانی بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوئے، ریاستی انتظامیہ نے ہماچل پردیش کے 7 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑوں سے لینڈ سلائیڈنگ کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ ریاست کے ایمرجنسی اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران ہماچل پردیش کے 12 میں سے 10 اضلاع میں 204 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس دوران لینڈ سلائیڈنگ کے 14 بڑے واقعات اور 13 مقامات پر سیلابی کیفیت رپورٹ ہوئی جبکہ ریاست میں 700 سڑکوں کو بند کر دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث ریاست ہماچل پردیش میں مختلف پلوں کو نقصان پہنچا اور دریائے بیاس کے قریب آبادیوں میں بھی پانی داخل ہو گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں