عالمگیر ترین کی لاش کے قریب ملنے والی چٹھی میں کیا لکھا تھا؟ عالمگیر ترین نے اپنے نوکر سے متعلق کیا ہدایات کیں؟ تحریر سامنے آگئی

لاہور (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ، پیڑن اِن چیف جہانگیرترین کے بھائی عالمگیرترین کی لاش کے قریب سے ملنے والی تحریر سامنے آگئی۔ جس میں لکھا کہ جِلدی بیماری کی وجہ سے مستقل اسٹیرائیڈز لینا پڑتی ہیں، ڈاکٹروں کے چکر نہیں لگانا چاہتا۔

 

 

 

میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمگیرترین کی لاش کے قریب سے ملنے والی تحریرکے متن میں عالمگیر ترین نے اپنی خودکشی کی وجہ بیماری بتائی۔میں اپنی زندگی سے پیار کرتا ہوں، 6مہینے پہلے تک میری زندگی اطمینان بخش تھی، مجھے جِلدی بیماری ہے جس کی وجہ سے مجھے مستقل اسٹیرائڈز لینا پڑتی ہیں۔چہرے کی جلدی بیماری کے علاج کے باعث چہرے کی بائیں جلد کو نقصان ہوا ہے۔مجھے کوئی فائدہ نہیں ہورہا تھا، چہرے کی جلد کو نقصان پہنچ رہا تھا۔جلدی بیماری سے آنکھیں متاثر ہوئیں، جس کے باعث پڑھنا تک بند کردیا۔تحریر کے متن میں مزید لکھا کہ کمر درد کے باعث رات کو نیند کی گولیاں تک کھانی پڑیں۔ بھرپور زندگی گزاری ہے ڈاکٹروں کے چکر نہیں لگانا چاہتا۔تحریر میں مزید لکھا کہ جہانگیر میرے نوکر عالم کا خیال رکھنا۔

میرے ملازم نے ساری زندگی میری خدمت کی اس کو پولیس پریشان نہ کرے۔ مزید برآں عالمگیرترین کے پوسٹمارٹم سے پتا چلا ہے کہ عالمگیرترین کی موت سر میں گولی لگنے سے ہوئی۔گولی عالمگیرترین کے سر کے دائیں طرف لگی۔ پسٹل اور عالمگیرترین کا لکھا گیا خط فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف اور سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کرلی ہے، عالمگیر ترین نے زندگی کا خاتمہ خود کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق عالمگیر ترین نے پستول سے سر پر خود گولی مار کر خودکشی کی۔جہانگیر ترین کو بھائی کی خودکشی کی اطلاع پارٹی اجلاس کے دوران ملی، جہانگیر ترین پارٹی کا اجلاس چھوڑ کر فوری طور پر روانہ ہو گئے۔ عالمگیر ترین لاہور میں واقع اپنے گھر میں تھے۔عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں رہائش پذیر تھے ۔ عالمگیر ترین صدیق ٹریڈ سینٹر گلبرگ کے قریب اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے۔

اسی طرح میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف بزنس مین اور ملتان سلطان ( پی ایس ایل ) کے مالک عالمگیر خان ترین نے 63 سال کی عمر میں خود کشی کر لی۔ملتان سلطانز کے سی ای او حیدر اظہر نے عالمگیر ترین کی وفات کی تصدیق کی۔ 63 سالہ عالمگیر کے حوالے سے اہم کچھ تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ عالمگیر ترین نے گورنمنٹ کالج اور بیرون ملک سے تعلیم حاصل کی تھی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہو چکی تھی اور دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close