عمران خان گھبرا گئے، سینئر صحافی انصار عباسی نے تحریک انصاف کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

لاہور ( پی این آئی) اب تو عمران خان کے اردگرد رہنے والوں، اُن کےچہیتے رہنماؤں نے بھی بولنا شروع کر دیا ہےکہ 9 مئی کا ذمہ دار کون ہے؟ لگتا ہے خان صاحب گھبرا گئے ہیں اور اس گھبراہٹ میں وہ کچھ بھی پڑھنے سے قاصر ہیں جونوشتہ دیوار ہے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار انصار عباسی کھل کر بول پڑے۔

اپنے بلاگ بعنوان “لگتا ہے خان صاحب گھبرا گئے!” میں انصار عباسی نے لکھا کہ تحریک انصاف کی طرف سے صحافیوں کو ٹارگٹ کرنا کوئی نئی بات نہیں، لگتا ہے کہ تحریک انصاف کی لیڈرشپ کافی پریشان ہے اور پریشانی بھی ایسی کہ وہ بات سارے فسانے میں جس کا ذکر نہ تھاوہ بات ان کو بہت ناگوار گزری ہے۔9 مئی کے واقعات کیسے ہوئے ساری دنیا نے دیکھا، کون کس کس کو اشتعال دلاتا رہا وہ بھی سب کے سامنے آ چکا، لیک آڈیوز میں کون کون سے رہنما کیاکیا کچھ کہتے پائے گئے وہ بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، عمران خان صاحب گزشتہ ایک سال سے فوج اور اُس کی اعلیٰ قیادت کے خلا ف جس قسم کا بیانیہ بنا ئے ہوئےتھے وہ بھی سب کو معلوم ہے، ان واقعات میں شامل پکڑے گئے کتنے شرپسندوں نے کیاکیا کچھ ویڈیو پیغامات میں تسلیم کیا اور اپنی پارٹی لیڈرشپ پر اشتعال دلائے جانے کے کیسے کیسے الزامات لگائے وہ بھی دنیا جانتی ہے۔ انصار عباسی نے لکھا کہ اب تو عمران خان کے اردگرد رہنے والوں، اُن کےچہیتے رہنماؤں نے بھی بولنا شروع کر دیا ہےکہ 9 مئی کا ذمہ دار کون ہے؟ فوج، کور کمانڈرز، فارمیشن کمانڈرز، فوج کی اعلیٰ قیادت، حکومت ، وزیراعظم، وزراء، صوبائی حکومتیں ، تفتیشی ادارےاور ایجنسیاں کس کو 9 مئی کا ذمہ دار ٹھہراتی ہیں یہ بھی سب کو معلوم ہے۔ اس سب کے باوجود غصہ صحافیوں پر نکالنے کا کیا جواز ہے۔

لگتا ہے خان صاحب آپ گھبرا گئے ہیں اور اس گھبراہٹ میں آپ اور آپ کے نامعلوم ترجمان وہ کچھ بھی پڑھنے سے قاصر ہیں جونوشتہ دیوار ہے، جسے نہ بدلا جا سکتا ہے نہ جھٹلایا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں