لاہور(پی این آئی ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز شروع ہونیوالے مون سون کے تگڑے سپیل کے بعد آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج بھی لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں تیز ہواو¿ں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے آج ممکنہ بارش کے پیش نظر اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ 8 سے 10 جولائی کے دوران دریائے جہلم، ستلج، راوی اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز لاہور میں بارش کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا، موسلادھار بارش سے جہاں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں وہیں مختلف حادثات میں 7 افراد جان کی بازی بھی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔صوبائی دارالحکومت میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، مذکورہ علاقے میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی۔گھنٹوں جاری رہنے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والا پانی بعض علاقوں میں اب بھی موجود ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب گزشتہ روز لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے گھنٹوں محروم رہے جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں