مزید بارشوں کیلئے تیار رہیں، سیلاب کا ہائی الرٹ جاری

لاہور (پی این آئی) لاہور والے مزید بارشوں کیلئے تیار رہیں، سیلاب سے متعلق ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان، پنجاب کے دریاوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز لاہور میں شدید بارشوں کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ جانے کے بعد صوبہ پنجاب میں سیلاب کے حوالے سے بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے 5 سے 10 جولائی کے دوران ملک میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے سیلاب کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کی مزید بارشوں سے مختلف دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ پنجاب کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں مزید بارشیں ہوں گی۔ بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے ۔ این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 5 سے 8 جولائی کےدوران موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ ،لاہور ، قصور، اوکاڑہ، کوہاٹ، پشاور، بنوں ، کرک اورڈی آئی خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈ نگ جبکہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ 6 سے 8 جولائی کے دوران موسلادھاربارش کے باعث ڈیرہ غازی خان، کوہلو، سبی، بارکھان،ژوب ، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اورموسٰی خیل کے پہاڑی علاقوں اور ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے ۔

جبکہ فیڈرل فلڈ کمیشن کی جانب سے بدھ کو جاری رپورٹ کے مطابق 5 سے 7 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی نالوں اور شمالی بلوچستان کے مقامی نالوں سمیت بنوں، کوہاٹ اور ڈی آئی خان ڈویژن میں چھوٹے دریاؤں میں اچانک سیلاب کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close