مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، رواں سال عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی خرید وفروخت میں نمایاں کمی کا انکشاف

لاہور (پی این آئی) مہنگائی کے باعث رواں سال قربانی کے جانوروں کی فروخت میں 30 فیصد تک کمی کا انکشاف، شہریوں کی قوت خرید کم ہونے کی وجہ سے رواں سال عید الاضحٰی کے موقع پر لاکھوں جانور کم فروخت ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحٰی کے اختتام کے بعد رواں سال قربانی کے جانوروں کی فروخت سے متعلق اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ٹینریز ایسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں کل 63 لاکھ سے زائد قربانی کے جانور فروخت ہوئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں جانوروں کی فروخت میں 30 فیصد تک کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ یعنی رواں سال قربانی کے جانوروں کی فروخت میں لاکھوں کی کمی ہوئی ۔ رواں سال عید الاضحٰی کے موقع پر قربانی کیلئے 20 لاکھ بچھڑے، 35 لاکھ بکرے، 8 لاکھ چھترے اور60 ہزار اونٹ فروخت ہوئے۔فروخت ہونے والے جانوروں کی مالیت 376 ارب روپے بتائی گئی ہے۔ جبکہ عید الاضحٰی کے موقع پر ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں قربانی کے جانوروں کی فروخت کے اعداد و شمار بھی جاری کیے گئے ہیں۔ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پنجاب کی 118 منڈیوں میں 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد جانورفروخت ہوئے۔ لاہور کی 4 منڈیوں میں 1 لاکھ 86 ہزار جانور فروخت ہوئے، ملتان ڈویژن کی 15منڈیوں میں 1لاکھ 26ہزار جانور فروخت ہوئے۔ڈی جی خان کی 22 منڈیوں میں1لاکھ 3ہزار چھوٹے بڑے جانور فروخت ہوئے۔ فیصل آباد کی 15منڈیوں میں1لاکھ 53ہزار967جانوروں کی خریدوفروخت ہوئی۔ ساہیوال میں قائم 17منڈیوں میں78 ہزار974 جانور فروخت ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق بہاولپور کی 19 منڈیوں میں59ہزارجانورفروخت ہوئے، سرگودھا کی 14 منڈیوں میں 36 ہزار180جانورسیل کیے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں