ناررووال (پی این آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے تحریک انصاف نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو ناکام بنانے کے لیے لابنگ کی۔انہوں نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی پوری کوشش کی۔آئی ایم ایف معاہدے سے معیشت بہتر ہو گی اور پاکستان کے روپے کی قدر میں بہتری آئے گی، معاہدے سے اگلے چند ماہ میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔
احسن اقبال نے کہا پاکستان کو نو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ہمیں اپنے نظام عدل کو مضبوط کرنا ہے جس ملک میں عدل نہیں ہوتا وہاں غیر ملکی سرمایہ کار نہیں آتے۔جب کہ پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات ، ہماری پالیسیوں اور سمت سے ہرگز یہ نہیں لگتا کہ آنے والے چند سالوں میں ہماری آئی ایم ایف سے جان چھوٹ جائے گی ،معیشت کی سست روی اور زمینی حقائق سے یہ واضح اشارے مل رہے ہیں کہ ہمیں آئی ایم ایف سے ایک اورمعاہدہ کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر اور جنرل سیکرٹری قمر الزمان چودھری نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی قرضوں سے چھٹکار احاصل کرنے کے لئے برآمدات پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ غیر معمولی سکیمیں لانا ہوں گی ۔ پاکستان میں ایسے اذہان موجود ہیں جو پاکستان کا قرض اتارنے کی منصوبہ بندی اور حکمت عملی مرتب کرنے میں حکومت کو بہترین تجاویز پیش کر سکتے ہیں اس لئے حکومت ایسے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے ۔انہوںنے کہا کہ غیر ملکی قرضوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کی سانسیں بند ہو رہی ہیں اور اگر یہی صورتحال بر قرار رہی تو ہماری مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب کو اپنی اپنی سیاست کو پس پشت ڈالتے ہوئے صرف اور صرف قومی سوچ اپنانی چاہیے بصور ت دیگر ہمارے پاس سوائے پچھتاوے کے کچھ نہیں بچے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں