اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے 308 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کو دے دی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں 308 بھارتی قیدیوں میں 266 ماہی گیراور 42 دیگر افراد شامل ہیں۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو دی ہے جس کے مطابق بھارت کی جیلوں میں 417 پاکستانی ہیں جن میں 343 عام شہری اور74 ماہی گیر ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ قونصلر رسائی سے متعلق 2008 کے معاہدے کے تحت کیا گیا۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرست کے تبادلے کے معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو سال میں دو مرتبہ فہرستوں کا تبادلہ کرنا ہوتا ہے جبکہ یہ تبادلہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو کیا جانا ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں