ہیٹ ویو، 100 سے زائد افراد ہلاک

میکسیکو (پی این آئی) میکسیکو میں جون میں پڑنے والی شدید گرمی کی وجہ سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی وزارت صحت نے گزشتہ ہفتوں سے جاری شدید گرمی کی لہر کے نتیجے میں اب تک 112 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ تین ہفتوں سے جاری ہیٹ ویو سے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے جس وجہ سے بجلی کی طلب میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جب کہ حکام نے شدید گرمی کی وجہ سے بعض علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

میکسیکو کی وزارت صحت کے مطابق تقریباً 112 ہلاکتوں میں سے دو تہائی ہلاکتیں 18 سے 24 جون کے درمیان ہوئی ہیں جب کہ باقی اموات اس سے قبل ہوئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو میں گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران گرمی سے صرف ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی تھی تاہم اس سال ہونے والی ہلاکتوں میں گرمی کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں جس میں کچھ افراد پسینے کی زیادتی اور جسم میں پانی کی شدید کمی کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ تقریباً 64 فیصد اموات امریکی ریاست ٹیکساس کی سرحد کے ساتھ موجود شمالی ریاست نیووی لیون میں ہوئی ہیں۔حکام کا کہنا ہےکہ علاقے میں بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کچھ کمی ہوئی ہے تاہم گرمی سے متاثرہ دیگر علاقوں میں اب بھی شدید گرمی کی صورتحال برقرار ہے جہاں ریاست سونورا کے ٹاؤن میں درجہ حرارت 49 ڈگری تک رہا۔حکام کے مطابق رواں موسم گرما میں میکسیکوبھر میں اوسط درجہ حرارت 30 سے45 ڈگری رہا جب کہ یکم جولائی سے ایک اور ہیٹ ویو کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close