سعودی حکومت نے خطبہ حج کو پوری دنیا کے مسلمانوں تک پہنچانے کے لیے جدید ترین مواصلاتی ڈیجیٹیل سسٹم متعارف کرا دیا

مکہ مکرمہ (پی این آئی)حج انتظامات کی تیاریوں کے سلسلے میں سعودی عرب کی حکومت نے خطبہ حج کو پوری دنیا کے مسلمانوں تک پہنچانے کے لیے جدید ترین مواصلاتی ڈیجیٹیل سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے دنیا بھر میں ارد سمیت دنیا کی بیس بڑی زبانوں میں خطبہ حج کا ترجمہ براہ راست نشر کیا جائے گا۔اس ضمن میں صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین نے خطبہ حج کا ترجمہ 20 بین الاقوامی زبانوں میں نشر کرنے اور اسے پوری دنیا کے مسلمانوں تک پہنچانے کی تیاری کے لیے’منارات الحرمین‘ پلیٹ فارم سے ڈیجیٹل سروسز سسٹم کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔

صدارت عامہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے تکنیکی امور ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت انجینیر وسام بن محمد مقادمی نے کہا کہ میدان عرفات کے خطبہ کے ترجمے کے منصوبے کا مقصد مسلمانوں کو ڈیجیٹل دنیا کو استعمال کرتے ہوئے خطبہ حج سننے اور دیکھنے کے قابل بنانا ہے۔ یہ سروس مسجد حرام کے منارات حرمین پلیٹ فارم کی ویب سائٹ اور سمارٹ فون ایپلی کیشنز کے ذریعے ایک ہی لمحے میں دُنیا بھر میں500 ملین سے زیادہ سامعین اور زائرین تک حرمین شریفین کا پیغام پہنچانے کے لیے تیار کی گئی ہے۔مقادمی نے ان خیالات کا اظہار حرم عرفات میں عرفہ کے خطبہ کا ترجمہ نشرکرنے کے لیے صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دوران اس منصوبے کی تکنیکی خدمات کے کام اور معیار کے بارے میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹیل پلیٹ فارم کے معیار میں کنکشن سرکٹ (IP-VPN)کی رفتار میں اضافہ (DIE) کی رفتار میں اضافہ ، تمام ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ ڈیوائسز کی جانچ، ڈیٹا ٹرانسمیشن کی رفتار کی جانچ اور ڈیٹا ٹرانسمیشن کی حفاظت کی پیمائش کی تکمیل کی گئی ہے۔انہوں نے توجہ دلائی کہ یہ منصوبہ حرمین شریفین کے نگران ادارے کے جنرل صدر الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی طرف سے مسلسل توجہ اور نگرانی میں مکمل ہوا ہے اور اس پروجیکٹ کو سعودی عرب کی دانشمند قیادت اور حج کے موقعے پر جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں