عید سے قبل ایک اور بُری خبر، آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا گیا، عید کی آمد سے قبل چکی کے آٹے کی فی کلو قیمت 170 روپے کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہورمیں چکی مالکان ایسوسی ایشن نے چکی کا آٹا مہنگا کر دیا ہے۔

 

 

 

بتایا گیا ہے کہ چکی کا آٹا 10روپے فی کلو اضافے کے ساتھ 160روپے فی کلو سے بڑھ کر 170روپے فی کلوہوگیا ہے ۔دوسری جانب ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں بھی مزید اضافہ ہو گیا۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کردیئے، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.33فیصد اضافہ ہوگیا ، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 34.05فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ایک ہفتے میں 20اشیاء مہنگی اور 12اشیاء سستی ہوئیں، حالیہ ہفتے میں 19اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، ایک ہفتے میں آٹا 4.95 فیصد مہنگا ہوا۔آٹے کا 20 کلو تھیلہ 124 روپے 52 پیسے بڑھ کر 2639 روپے، آلو 2 روپے، چینی 3 روپے اور دال ماش کی قیمت 5 روپے فی کلو بڑھ گئی۔ ماچس کا پیکٹ 9 روپے اور لہسن کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا۔ جبکہ مرغی کا گوشت4 روپے، مٹن 15 روپے اور بیف 7 روپے فی کلو، کیلے 11 روپے درجن، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 15 روپے کمی دیکھنے میں آئی۔ پیاز2 روپے، ٹماٹر ایک روپیہ اور سرسوں کا تیل 2 روپے فی کلو، ڈھائی کلو گھی کا ڈبہ 23 روپے اور کوکنگ آئل کی قیمت بھی 20 روپے کم ہوگئی ہے۔یہاں یہ واضح رہے کہ ملک میں مہنگائی کے 76 سالہ تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے۔

 

 

 

گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی کے ایک ایک کر کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹے، مئی 2023 میں ملک میں مہنگائی بڑھنے کا 76 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، جس کے بعد اب پاکستان دنیا کے سب سے مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں آ گیا ہے۔ اس حوالے سے دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ آف سٹیٹسٹکس نے دنیا بھر میں مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے، ان اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 10 مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا، 38 فیصد شرح کے ساتھ پاکستان کا دنیا میں چھٹا نمبر ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں