اسلام آباد (پی این آئی) ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر ہے۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے 25 جون تک ملک میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔25 جون کے بعد مون سون کی بارشیں شروع ہوں گی، انہوں نے کہا کہ 25 جون کی شام سے بارش شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں مزید دو دن ہیٹ یو رہے گی۔گذشتہ روز بتایا گیا تھا کہ محکمہ موسمیات نے فضامیں ہوا کے زیادہ دباؤ کے باعث24 جون تک ملک کے زیادہ تر حصوں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ کی پیش گوئی کی ہے۔ماہرین نے کہا کہ رواں ہفتہ کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے جس کے باعث فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت ملک کے بیشتر علاقے گرمی کے زیر اثررہیں گے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق 24 جون تک دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ کے باعث بالائی اور وسطی پنجاب میں دن کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی پنجاب میں دن کا درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ملک کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کابھی امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ممکنہ اثرات کے طور پردرجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی اور پانی کی طلب میں اضافہ ہو گا جبکہ کسان بھی موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کیلئے مناسب اقدامات کریں۔انہوں نے عوام کو گرمی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی مشورہ دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں