لیہ اراضی سکینڈل، اینٹی کرپشن نے عمران خان کو آخری موقع دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی کی لیہ اراضی سکینڈل میں تیسری طلبی کا معاملہ، اینٹی کرپشن نے آج چیئرمین پی ٹی آئی کو لیہ اراضی سکینڈل میں طلب کر رکھا ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق عمران خان کو پیش ہونے کے لئے آخری موقع دیا گیا۔ایڈووکیٹ علی اعجاز نے بھی زمان پارک میں اینٹی کرپشن کا طلبی کا نوٹس وصول کیا۔ ترجمان نے مزیدکہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے اراضی سکینڈل میں ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں ۔

اراضی کے لیے ریونیو افسران پر بنی گالا سے دباؤ ڈالاگیا ۔ عمران خان ،ان کی بہن اور بہنوئی آج اینٹی کرپشن پیش نہیں ہوتے تو ان کے خلاف 5 بجے کے بعد ایف آئی آر درج ہو سکتی ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے لیہ اراضی کرپشن سکینڈل میں سابق وزیراعظم کو 19 جون کو بھی طلب کیا تھا ۔ سابق وزیراعظم کی بہن اور بہنوئی کو بھی اینٹی کرپشن ڈی جی خان میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ۔ اینٹی کرپشن کے مطابق طلبی کا نوٹس زمان پارک کی رہائشگاہ پر چسپاں کر دیا گیاتھا۔ ترجمان کے مطابق سابق وزیر اعظم کی بہن عظمی خان اور ان کے شوہر پر لیہ میں 5162 کنال زمین زبردستی ہتھیانے کا مقدمہ درج ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم کو پہلے 16 جون کو طلب کیا گیا تھا،ل

یکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔ علاؤہ ازیں لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے دفتر کو آگ لگانے اور کنٹینر جلانے کے دو مقدمات میں عدم پیشی پرچئیرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت 7ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 7ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے چئیرمین پی ٹی آئی، مسرت چیمہ، جمشید اقبال چیمہ ، حماد اظہر،مراد سعید،میاں اسلم اقبال اور حسان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں