اسلام آباد (پی این آئی) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف قرض معاہدے کی بحالی کیلئے برطانوی ہائی کمشنر سے تعاون کی درخواست کردی ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف پروگرام بحالی کیلئے کوششیں تیز کردیں۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کمشنر سے ورچوئل ملاقات کی ہے، ملاقات میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف معاہدے کیلئے برطانوی ہائی کمشنر سے مدد کی درخواست کی ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کمشنر کو آئی ایم ایف معاہدے میں تعطل سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ جس پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی ہائی کمشنر کو معاہدہ کرنے میں تعاون کی درخواست کی۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی ہائی کمشنر نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف معاہدہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ برطانوی ہائی کمشنرمعاہدہ کی بحالی کیلئے آئی ایم ایف سے بات چیت کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں جائزے کیلئے تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔آئی ایم ایف معاہدے میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے،چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ بہترین منصوبہ ہے،نواز شریف دور میں یہ منصوبہ لگانے کا فیصلہ ہو گیا تھا۔
اس منصوبے کو سابق حکومت نے سرد خانے میں ڈال دیا تھا،دو عظیم دوست ممالک چین اور پاکستان کیلئے یہ اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1200 میگاواٹ جوہری پاور پلانٹ کا معاہدہ ایک اور سنگ میل ہے، معاہدے سے پاک چین معاشی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان معاشی خوشحالی کیلئے پرعزم ہے، چین کی جانب سے 4.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے۔ معاہدہ چین کے سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد کی علامات ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیر کا شکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، سعودی اور قطر بھی ہماری مدد کر رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے دوست کہتے تو کچھ نہیں مگر ان کے چہرے سوال کرتے ہیں ہم کب تک قرض لیں گے؟۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج معاشی چینلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ہم ضرور اس مشکل حالات سے بھی نکل آئیں گے۔ یو اے ای اور قطر پاکستان کی مدد کر رہے ہیں، آئیں ہم مل کر پاکستان کو بنانے کا عزم کریں، ہم مل کر پاکستان کا کھویا ہوا مقام دلوائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں کامیابی حاصل کرنے کے لیے تاریخ سے سبق سیکھنا ہو گا، ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے محنت کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں