خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ اعلان کر دیا گیا

پشاور (پی این آئی) خیبر پختو نخوا میں گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 35 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختو نخوا کی نگران کابینہ نے 4 ماہ کے بجٹ کی منظوری دے دی،نگران مشیر خزانہ حمایت اللہ خان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بجٹ میں 4 ماہ کے اخراجات کیلئے 462 ارب 16 کروڑ روپے مختص کئے گئے۔

مشکل حالات میں نگران حکومت نے قرض نہیں لیا۔ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 35 فیصد جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین کی تنخواہ میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا۔ پنشن میں ساڑھے 17 فیصد اضافہ کیا ہے،ترقیاتی بجٹ کی مد میں 112 ارب مختص کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے سفری الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا،جبکہ خصوصی ملازمین کے سفری الاؤنس میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا۔ مزدور کی کم سے کم اجرت 26 ہزار سے بڑھا کر 32 ہزار روپے کر دی گئی،نئی گاڑیوں کی خرید و فروخت پر پابندی ہو گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز نگران پنجاب کابینہ نے بھی آئندہ مالی سال کے 4 ماہ کیلئے بجٹ کی منظوری دی تھی،پنجاب میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا۔ نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا تھا کہ تنخواہوں میں 30 فیصد ایڈ ہاک ریلیف دیا جائے گا،پنشن میں 5 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی،جبکہ 80 سال سے زائد عمر کے افراد کی پنشن میں 20 فیصد اضافہ کیا۔ تعلیم کے بجٹ میں 31 فیصد اضافہ کیا گیا،جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 325 ارب روپے مختص کئے گئے۔ عامر میر نے کہا کہ جاری اخراجات کیلئے 721 ارب رکھے گئے ہیں،پننشن کیلئے 116 ارب روپے مختص کئے گئے، پنجاب میں گندم کی مد میں چار ماہ میں 600 ارب روپے کا قرض اتارا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں