فردوس عاشق اعوان نے استحکام پاکستان پارٹی بنانے کی وجہ بتا دی

لاہور (پی این آئی)سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور استحکام پاکستان پارٹی کی سینئر رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ملک میں نفرتوں کا خاتمہ کرنے کیلئے بنی ہے۔

عوام کے ساتھ جڑی مشکلات کے تدارک کیلئے حل بتائیں گے۔فردوس عاشق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند روز میں پارٹی کا منشور پیش کیا جائے گا، ہماری پارٹی کا منشور نوجوانوں کیلئے ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ لانچنگ کے دن ایک سو ٹکٹ ہولڈر دکھائے تھے، حکومت کے ساتھ تیرہ جماعتیں موجود ہیں مگر ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی کی طرح تنقید نہیں بلکہ حل بھی بتائیں گے، موجودہ ملکی حالات کا حل ایک پارٹی یا ایک شخصیت نہیں نکال سکتی، تمام سیاسی جماعتیں ملکر بیٹھیں اور ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے ہر مسئلے کا حل تلاش کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں پارٹی میں جہانگیرترین اور علیم خان کی خواہش پر ذمہ داری ملی جسے احسن طریقے سے نبھائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close