شہباز شریف نے مسلم لیگ کا صدر منتخب ہوتے ہی نواز شریف سے متعلق کیا کہا؟

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل سے خطاب میں کہا ہے کہ دعا ہے نوازشریف آئیں، اگلا انتخاب لڑیں اور چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بنیں، میں ان کا سپاہی بن کر ان کی اور ملک کی خدمت کروں گا۔

جنرل کونسل اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ میں نے جنرل کونسل کا اجلاس کئی بار مؤخر کرایا کیونکہ میں اس انتظار میں تھا کہ نواز شریف پاکستان آئیں اور میں یہ ذمہ داری ان کے حوالے کروں، الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی اس لیے اجلاس بلانا پڑا، یہ پگ جو آج میرے سر پر پہنائی گئی ہے یہ نواز شریف کی امانت ہے اور جب نواز شریف آئیں گے تو پارٹی صدارت ان کے حوالے کردوں گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی ترقی کا معمار ہے، دعا ہے نوازشریف آئیں، اگلا انتخاب لڑیں اور چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بنیں، میں ان کا سپاہی بن کر ان کی اور ملک کی خدمت کروں گا، میرا ایمان ہے پاکستان کی قسمت نواز شریف بدلے گا۔شہبازشریف کا کہنا تھاکہ اسحاق ڈار ملکی معیشت کی بہتری کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، راتوں کو جاگتے ہیں، آئی ایم ایف کی شرائط منظور کرنے کیلئے الٹے سیدھے ہوگئے ہیں، ہماری پارٹی نے اپنا سیاسی سرمایہ جھونک دیا، سیاست نہیں ریاست بچائی۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اور پنشن میں 17 فیصد اضافہ بہت بڑا فیصلہ تھا، جو ہم نے کیا، آئی ایم ایف میں آج بھی ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں۔وزیراعظم کاکہنا تھاکہ جو لوگ اسحاق ڈار کی محنت اور ان کی ٹانگیں کھینچنے کیلئے پارٹی کے اندر جس طرح باتیں کر رہے ہیں، انہیں پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں