سونے کی فی تولہ قیمتوں میں 8ہزار روپے سے زائد کی کمی، فی تولہ قیمت کتنی ہوگئی؟

کراچی (پی این آئی) ملک میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے بعد سونے کی قیمت میں بھی کمی بیشی کا سلسلہ جاری ہے، تین روز میں فی تولہ سونے کی قیمت 8 ہزار 200 روپے گر گئی۔

آج ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوکر2 لاکھ 19 ہزار روپے ہوگئی۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کے بھاؤ میں مزید 2500 روپے کی کمی ہوگئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت کم ہوکر2 لاکھ 19 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار143 روپے کم ہونے کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 87 ہزار757 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح گزشتہ روز13 جون کو ملک میں ایک تولہ سونے کے بھاؤ میں 4 ہزار روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت کم ہوکر2 لاکھ 21 ہزار500 روپے ہوگئی تھی۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار430 روپے کم ہونے کے بعد نئی قیمت ایک لاکھ 89 ہزار 900 روپے ہوئی تھی۔ اسی طرح گزشتہ روز 12 جون کو بھی ملک میں ایک تولہ سونے کے بھاؤ میں ایک ہزار 700 روپے کی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت کم ہوکر2 لاکھ 25 ہزار500 روپے ہوئی تھی۔ 10 گرام سونے کی قیمت ایک ہزار 500 روپے کم ہونے کے بعد ایک لاکھ 93 ہزار 330 روپے ہوگئی تھی۔

دوسری جانب ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں سونا اور ڈالر کی قیمتیں گریں گی۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ڈالر کا ریٹ پچھلے دنوں 305 روپے پر چلا گیا تھا۔ڈالر نہ ہونے پر گورنر اسٹیٹ بینک سے درخواست کی تو انہوں نے بینکوں کو ہدایت کی روکے ہوئے ڈالر فورا ادا کریں۔بینکوں نے آج 5 ملین ڈالر ایکسچینج کمپنیوں کو دئیے تو ڈالر 305 سے کم ہو کر 298 پر آ گیا۔ بینکوں نے سپلائی بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے اس طرح سلسلہ چلا تو ڈالر 295 سے نیچے آ جائے گا۔ ملک بوستان نے کہا کہ ڈالر کے انٹربینک اور اوپن ریٹ میں دس روپے کا فرق ہے، آنے والے دنوں میں سونا اور ڈالر کی قیمتیں گریں گی۔ حکومت کی جانب سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے لیے ڈائمنڈ اور گولڈ کارڈ اسکیم ترسیلات زر کی آمد کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں