مئیر کراچی کا انتخاب، پی ٹی آئی کے یوسی چئیرمین اسد زمان نے سندھ حکومت پر دبائو ڈالنے کا الزام عائد کر دیا، اپنے اغوا کے خدشہ کا اظہار

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے منحرف یو سی چیئرمین اسد زمان کا ایک اور ویڈیو بیان سامنے آگیا۔ ویڈیو بیان میں یوسی چیئرمین نے تحریک انصاف کے حکم پر حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور اسد زمان نے اپنے اغوا کے خدشہ کا بھی اظہار کیا۔

 

 

 

انہوں نے ویڈیو بیان اپنے بھائی کے فون میں ریکارڈ کرایا جس میں کہا کہ مجھ پر سندھ حکومت کا بے انتہا دباؤ ہے، پہلے بھی ایسا ہوا تھا، یہ ویڈیو ایڈوانس میں ریکارڈ کرا رہا ہوں۔ان کا کہنا تھاکہ میرا ضمیر اور میرا دل عمران خان کے حکم پر عمل کرنا ہے، 15 جون کو پی ٹی آئی کے تمام چیئرمینز کے ساتھ حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ دوں گا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پی ٹی آئی کے منتخب 30 سے زائد یوسی چیئرمینز کا اجلاس ہوا تھا جس میں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔منتخب یوسی چیئرمین اسد امان نے دعویٰ کیا تھا کہ تقریباً 40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائینگے۔اس معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے بھی ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے میئر کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے، پیپلز پارٹی ہر حال میں میئر کا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے۔

 

 

 

پیپلز پار ٹی نے منتخب ارکان کو دباؤ میں لانے کے کوشش کی۔پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منتخب ارکان کو وفاداری تبدیل کرنے کیلئے اغوا کیا جاتا رہا، پارٹی ہدایت پر تمام ارکان کو حافط نعیم الرحمان کو ووٹ دینا ہے، پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی، جو رکن پارٹی ہدایت کے برخلاف ووٹ ڈالنے نہیں آئے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی، پیپلز پارٹی چور دروازے سے میئر بنانے کی کوشش بند کرے۔واضح رہے کہ کراچی میئر کیلئے انتخابات 15 جون کو ہوگا جس میں جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان اور پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب کے درمیان مقابلہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close