سمندری طوفان پائپر جوائے ٹکرانے کا خدشہ، سندھ حکومت نے خطرے کے سائرن بجا دیے

کراچی (پی این آئی) سندھ حکومت نے سمندری طوفان پائپر جوائے کے پیش نظر ہزاروں افراد کی نقل مکانی سمیت دیگر ہنگامی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ فوج کی مدد سے قدرتی آفت کا مقابلہ کیا جائے گا، بارشوں کے پیشِ نظر انتظامات کر رہے ہیں اور متعلقہ محکموں کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں، ساحلی علاقوں سے تقریباً 10 ہزار افراد کا انخلا کیا جائے گا ، 80 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں اور 25 فٹ اونچی لہریں ساحلی علاقوں سے ٹکرائیں گی۔

دوسری جانب ٹھٹھہ اور بدین کی ضلعی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیے۔ محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں اور مشینری کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ طوفان کا رخ شمال اور شمال مشرق کی سمت ہے،،جنوب مشرقی سندھ میں تیزہواؤں ، گرج چمک کےساتھ موسلادھار بارش کاامکان ہے، اس دوران ہوائیں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں،ٹھٹھہ، سجاول، بدین ، تھرپارکر، میرپور خانن میں 13 جون کی شام یارات سے موسلادھار بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کا مزید کہناہے کہ طوفان کی بحیرہ عرب میں موجودگی تک سمندر میں شدید طغیانی رہے گی ،ماہی گیرآج سے سمندری طوفان کے اختتام تک کھلے سمندر میں نہ جائیں،محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سسٹم کو مانیٹر کررہاہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں