حکومت آزاد کشمیر میں ٹورازم کے فروغ کے حوالہ سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق

اسلام آباد (پی آئی ڈی)وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر میں ٹورازم کے فروغ کے حوالہ سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔حویلی میں ٹورازم فیسٹیول کا انعقاد اور اس فیسٹیول میں لوگوں کی کثیر انداز میں شرکت اس بات کی نوید ہے کہ ٹورازم دوبارہ بحال ہو رہی ہے۔ہر سال لاکھوں سیاح اس خوبصورت خطہ کا رخ کرتے ہیں۔

آزادکشمیر بھر کے ٹوریسٹ سپاٹس کے گوگل پر آن لائن روٹس تعین کئے جائیں گے تاکہ باہر سے آنے والے سیاحوں کو مشکلات نہ ہوں۔ ایک انٹرویو میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ حویلی ٹورازم فیسٹیول کیلئے حکومت نے بھرپور معاونت فراہم کی وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور اس حوالے سے متحرک رہے اس طرح لوگوں کو ایک بہترین تفریح میسر آ سکی۔انہوں نے کہا کہ اسی طرز پر آزادکشمیر بھر میں ٹورازم فیسٹیول کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ لوگوں کو رسائی ملے اور وہ کشمیر کے حسن کو دیکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ٹورازم کے حوالہ سے جاری شدہ منصوبہ جات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔آزادکشمیر کے مختلف ٹورازم سپاٹس پر لائٹنگ نصب کی جائیں گی اور بھرپور سہولیات مہیا کی جائیں گی تاکہ سیاحوں کی دلچسپی بھڑے۔ آزادکشمیرایک خوبصورت خطہ ہے۔ یہاں کا رہن سہن، ثقافت اور کلچر پوری دنیا میں منفرد پہچان رکھتا ہے تاکہ یہاں کی ثقافت اور کلچر کے ساتھ ٹورازم کو فروغ ملے اور دنیا اس خطہ کی جانب مائل ہو۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مالی بحران کے باوجود ہماری حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے گی،سیاحت کو فروغ دے کر بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کریں گے اس سلسلے میں مغربی ملکوں کے ماڈل کو اپنانے کی ضرورت ہے جو صرف سیاحت کے شعبے سے کثیر ریونیو جنریٹ کرتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں