خوفناک طوفان ہائپر جوئے پاکستان کے ساحل کے کتنا قریب آگیا؟ محکمہ موسمیات نے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کر دیا

کراچی(پی این آئی)سمندری طوفان بائپر جوائے پاکستان کے ساحل سے تقریباً 900 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا ہے اور طوفان کی شدت کے باعث بھارت کی مختلف ریاستوں میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کا کہنا ہے کہ طوفان بائپر جوائے 150 کلومیٹر فی گھنٹےکی رفتار سے شمالی بحر ہند میں موجود ہے۔

اگلے 24 گھنٹوں تک بائپر جوائے کی شدت اسی رفتار سے برقرار رہنےکا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان کراچی سے تقریباً 910 کلومیٹر اور ٹھٹھہ سے 890 کلو میٹر کے فاصلے پر جنوب کی سمت پر واقع ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ساحلی علاقے تیز آندھی، سمندری طوفان اور سیلاب کی زد میں آسکتے ہیں، مئی میں سمندری طوفان کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا تھا۔دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بائپر جوائے کے خطرے کے پیش نظر ساحلی ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوائے 24 گھنٹوں میں شدت اختیار کر لے گا، ریاست گجرات، مہاراشٹرا، گوا اور دیگر ساحلی ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ریاست کیرالہ اور کرناٹکا کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے، ماہی گیر سمندر کے مشرقی، وسطی حصوں میں 5 روز تک نہ جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close