آئندہ مالی بجٹ میں گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئے بُری خبر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں درآمد کی جانے والی کاروں پر ٹیکس دو گنا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بجٹ میں درآمد شدہ گاڑیوں پر ریگولیٹری ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی میں اضافہ کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی طرف سے پاکستان میں تیار ہونے والی گاڑیوں پر بھی ود ہولڈنگ ٹیکس لاگو کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان گاڑیوں پر یہ ٹیکس انجن کی صلاحیت کی بجائے گاڑی کی قیمت کے لحاظ سے لاگو کیا جائے گا۔

مقامی کارساز کمپنیوں کی طرف سے حکومت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس تجویز پر عملدرآمد روک دیا جائے کیونکہ مقامی انڈسٹری پہلے ہی اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے۔ پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی طرف سے اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں برآمدات کا ہدف 30ارب ڈالر اور درآمدات کا ہدف 58.70ارب ڈالر مقرر کرنے جا رہی ہے۔دستاویزات سے یہ بھی علم ہوا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تجارتی خسارہ 28.70ارب ڈالر ہو گا جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا تخمینہ 6ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں