عید الاضحی کے موقع پر کتنی چھٹیاں ملنے کا امکان ہے؟ سرکاری ملازمین کیلئے اہم خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات نے 29 جون کو عید الاضحی ہونے کی پیشگوئی کی ہے، اس طرح سرکاری ملازمین کو 28 جون سے چھٹیاں ملنے کا امکان ہے۔اگر عید الاضحی 29 جون کی بنتی ہے تو سرکاری ملازمین کو 28 جون بروز بدھ سے 2 جولائی 2023 تک پانچ چھٹیاں ملنے کا امکان ہے۔حتمی احکامات ذی الحج کی چاند رویت کے بعد حکومت جاری کرے گی۔

ذی الحج کے چاند کی رویت کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ محکمہ موسمیات نے ذی الحج کے چاند کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات کو ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کلائیمنٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق ذی الحج کا چاند دیکھنے کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع ابر آلود بھی ہوگا، غروب آفتاب 7 بجکر 24 منٹ پر ہونے کا امکان ہے، غروب آفتاب کے وقت کراچی میں چاند کی عمر 34 گھنٹے 13منٹ ہوگی، کلائیمنٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کے مطابق چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 80 منٹ ہے جب کہ چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے، 19جون کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے ، پہلی ذی الحج 20جون کو ہوگی اور عیدالاضحی 29 جون بروز جمعرات کو ہونے کا امکان ہے۔اسی حوالے سے خلیجی ماہرین فلکیات نے کا کہنا ہے کہ 19 جون کو ذوالحجہ کی یکم تاریخ ہوگی جبکہ عیدالاضحی 28 جون کو ہونے کا امکان ہے کیوں کہ سعودی عرب، امارات ومتعدد عرب ممالک میں ذوالحجہ کا چاند18جون کودیکھا جاسکے گا، عیدالاضحیٰ 28 جون کو متوقع ہے۔ ادھر وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے عیدالاضحی تک پٹرول کی قیمت میں کمی کی امید دلا دی، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کچھ ہفتوں میں ہمارے پاس پیٹرولیم مصنوعات کے کارگو آجائیں گے، امید ہے عیدالاضحی تک پٹرولیم مصنوعات سے متعلق اچھی خبریں آئیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں