پیٹرول قیمتوں میں مزید کمی کی خوشخبری ملنے کا امکان

لاہور (پی این آئی) مستقبل میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان، وزیراعظم نے کسٹم بانڈڈ ویئر ہائوس پالیسی کی سمری کی منظوری دے دی۔

 

 

نئی پالیسی سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پربینک چارجز اور دیگر اخراجات ختم ہوجائیں گے، ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو سستے دام پر تیل مل سکے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے عالمی مارکیٹ سے پٹرولیم مصنوعات کی خریداری سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا، اس فیصلے پر عملدرآمد کی صورت میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہو سکتی ہیں۔عالمی بینکوں کے رویے اور زرمبادلہ کی کمی کے پیش نظر نئی پالیسی تیار کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے کسٹم بانڈڈ ویئر ہائوس پالیسی نافذ کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔وزیراعظم نے کسٹم بانڈڈ ویئر ہائوس پالیسی کی سمری ای سی سی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔ ذرائع نے بتایا کہ نئی پالیسی سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پربینک چارجز اور دیگر اخراجات ختم ہوجائیں گے اور نئی پالیسی سے ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو سستے دام پر تیل مل سکے گا۔

 

 

کسٹم بانڈڈ ویئر ہائوس پالیسی کے نفاذ سے آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پاکستانی بندرگاہوں پر خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات خرید سکیں گی، غیرملکی آئل سپلائر کمپنیاں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات پاکستانی پورٹس پر بانڈڈ اسٹوریج میں رکھیں گی۔ کسٹم بانڈڈ ویئر ہائوس پالیسی کے نفاذ سے ملکی کرنسی میں بھی پٹرولیم مصنوعات خریدی جاسکیں گی، غیر ملکی آئل سپلائرز شیڈولڈ بینکوں میں صرف ایل سی کھلنے پر پیٹرولیم مصنوعات ریلیز کردیں گے۔جبکہ بانڈڈ اسٹوریج کی سہولت سے پاکستان کی اسٹریٹیجک آئل اسٹوریج ممکن ہوجائے گی۔ یہاں یہ واضح رہے کہ اس سے قبل حکومتی رہنماوں کی جانب سے روسی تیل کی خریداری سے بھی ملک میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہو جانے کے دعوے کیے جا رہے تھے، تاہم گزشتہ دنوں وزیر مملکت مصدق مملکت نے وضاحت کی کہ روس سے خام تیل کے کارگو کی آمد سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات سستی نہیں ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں