مظفرآباد (پی آئی ڈی) چوہدری لطیف اکبر قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر کے سپیکر منتخب ہوگئے۔ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کے روز ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض گجر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ڈپٹی سپیکر نے سپیکر کے انتخاب کیلئے شیڈول کا اعلان کیا، مقررہ وقت تک سپیکرکے انتخاب کیلئے چوہدری لطیف اکبر اور چوہدری مقبول گجرکی جانب سے کاغذات جمع کروائے گئے۔
ممبراسمبلی سید بازل علی نقوی اور احمد رضا قادری نے چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ خواجہ فاروق احمد اور چوہدری رفیق نیئر نے چوہدری مقبول گجر کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ چوہدری لطیف اکبر 19 ووٹ لیکر قانون ساز سمبلی کے سپیکر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار چوہدری مقبول گجر نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔ایوان میں چوہدری لطیف اکبر نے سپیکر کے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا، ڈپٹی سپیکرچوہدری ریاض احمد نے چوہدری لطیف اکبر سے حلف لیا۔ قبل ازیں آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزراء کی تعداد کی مختص شدہ حد کو ختم کرنے کیلئے پندرویں آئینی ترمیم کا مسودہ وزیر حکومت فیصل ممتاز راٹھور نے ایوان میں پیش کیا جسے ایوا ن نے منظور کر لیااور ترمیم کے حق میں 40 ووٹ پڑے۔ نومنتخب سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایوان پوری ریاست جموں وکشمیر کا نمائندہ ایوان ہے۔
اس ایوان میں منجھے ہوئے سینئر لوگ موجود ہیں۔ قواعد و ضوابط کے مطابق ایوان کو چلاوں گا۔تمام ممبران اسمبلی کا شکریہ ادا کرتاہوں۔انہوں نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ میرے مدمقابل چوہدری مقبول گجر نے سپیکر کے انتخاب کیلئے کاغذات جمع کروائے میری خواہش تھی کہ پی ٹی آئی ووٹنگ کے عمل میں بھی حصہ لیتی۔ سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں