عمران خان پر ملٹری کورٹ میں مقدمہ چلے گا، وفاقی حکومت کا اعلان

اسلام آباد ( پی این آئی) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان پر ملٹری کورٹ میں مقدمہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی سارے جلاؤ گھیراؤ کے ماسٹر مائنڈ ہیں، وہ گرفتاری سے پہلے سب کچھ طے کرکے گئے تھے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ عمران خان نے جو فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا پروگرام بنایا اور اس پر عمل کروایا، میری سمجھ کے مطابق یہ بالکل ملٹری کورٹ کا کیس بنتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ عمران خان ہی سارے جلاؤ گھیراؤ کے ماسٹر مائنڈ ہیں، وہ گرفتاری سے پہلے سب کچھ طے کرکے گئے تھے، یہ توجیہہ بنتی ہی نہیں کہ عمران خان تو جیل میں تھے۔ ان کا کہنا تھاکہ ساری منصوبہ بندی اور تیاری عمران خان کی گرفتاری سے پہلے کی تھی اور اس سب کے آرکیٹکٹ عمران خان ہیں، اس کے ثبوت بھی موجود ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی خارج از امکان نہیں۔ آج بھی اپنے ویڈیو لنک خطاب میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ایک بار پھر فوجی تنصیبات پر پارٹی کارکنوں کے حملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جس طرح فوج نے مجھے کمانڈو ایکشن کر کے گرفتار کیا، اس پر ردِعمل اگر فوجی نشان والی عمارتوں کے سامنے نہ آتا تو اور کہاں آتا؟‘۔

گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی خارج از امکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے تمام حربے استعمال کیے، جب دیکھا کہ وہ بند گلی میں آگئے ہیں تو وہاں سے اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دے رہے ہیں کہ مذاکرات کر لو۔ ان کا کہنا تھاکہ عمران خان نے پچھلے تین چار دن میں جو صلح یا پشیمانی کے چند الفاظ ادا کیے ہیں، ان میں کوئی خلوص یا سچائی نہیں ہے۔

close