علی زیدی کے پارٹی چھوڑنے پر فیصل واوڈا کا شدید ردِعمل آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے آج ہی پارٹی چھوڑنے والے علی زیدی کو گٹر کا کیڑا کہہ دیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں قوم کومسلسل کہتا رہا، اب خود کیڑے اورسانپوں کی اصلیت دیکھ لیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ میں عمران خان کو بچانے کیلئے پارٹی سے نکالا گیا اور یہ سب اپنی جان بچانے کیلئے خان کو چھوڑ کرنکل رہے ہیں۔اس گٹر کے کیڑے کی باتیں یاد ہیں نہ آپ کو۔ The End کہنے والے کا خود The End ہو گیا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ اگلے 72 گھنٹے میں 1 اور کیڑا چھوڑ جائیگا۔آج پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے سیاست اور پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ علی زیدی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کی خدمت کی ہے،ملک کی خدمت کیلئے ہی سیاست میں آیا تھا۔9 مئی کے واقعات کی مذمت پہلے بھی کر چکا ہوں اور دوبارہ مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں اور ان کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں،افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔ 9 مئی کو جو ہوا وہ بہت غلط ہوا،واقعات میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک لانا ضروری ہے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ میں نے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے،اس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف سندھ کی صدارت اور دیگر پارٹی عہدوں سے بھی استعفٰی دیتا ہوں،میں پاکستان کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں ابرارالحق اور سیف اللہ نیازی نے بھی پارٹی اور سیاست کو خیرباد کہہ دیا تھا، ابرارالحق نے کہا کہ سیاست میں وقت ضائع کرنے کی بجائے سوشل ورک پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close