کراچی (پی این آئی) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے پیش گوئی کی ہے کہ ایک بڑا نام چند دنوں میں پارٹی چھوڑے گا انہوں نے کہا کہ کچھ خواہشات سے جیل گئے اور کچھ خواہشتات سے باہر نہیں آرہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق مرکزی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میں آج بھی پرانے عمران خان کےساتھ کھڑا ہوں، نئےعمران خان اور نئی آئیڈیالوجی کے ساتھ نہیں ہوں، یہ دن آگئے ہیں کہ عمران خان سے ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں۔ نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا جب مجھے پارٹی سے نکالا گیا تو میں عمران خان کو بچانے کیلئے نکلا، بہت ساری جگہوں سے اب بھی عمران خان کو بچایا ہے، میں نے قربانی عمران خان کو بچانے کے لیے دی تھی جب کہ آج لوگ عمران خان کو چھوڑ رہے ہیں اپنی جان بچانے کے لیے، اس میں بہت فرق ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کو پہلے دن سمجھایا تھا کہ یہ راستہ خطرناک ہے، سائفر سے یو ٹرن لیا، باجوہ اچھے تھے برے ہو گئے، 9 مئی کو جو واقعہ ہوا وہ تو دشمن بھی نہیں کر سکتا تھا، آپ شہیدوں کی قبروں تک پہنچ گئے ہیں یہ کون سی سیاست ہے؟ فیصل واوڈا نے کہا کچھ سانپ الگ ہو گئے۔
کچھ خاص الگ ہو گئے، کوئی کہہ رہا ہے عمران خان کو ریپلیس کر کے مجھے بلا لیں، کچھ خواہشات سے جیل میں گئے اور کچھ خواہشتات سے باہر نہیں آ رہے ہیں، اگر 9 مئی واقعات پر پارٹی عہدے چھوڑے جا سکتے ہیں تو پارٹی کیوں نہیں؟ دو چار دن بعد ایک اور آئے گا مذمت کرے گا اور پارٹی چھوڑ دے گا۔ انہوں نے کہا عمران خان بتائیں جس کے پاس پیسے نہیں تھے اس کے پاس کروڑوں کی گاڑی کہاں سے آئی؟ بتائیں جس کے پاس پیسے نہیں تھے اس کے بچے باہر کیسے پڑھ سکتے ہیں؟ عمران خان سامنے آئیں اور بتائیں کہ مجھ سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں، عمران خان آج بھی نہیں سمجھیں گے تو کب سمجھیں گے؟ پی ٹی آئی کے سابق مرکزی رہنما فیصل واوڈا نے کہا عمران خان کو زیادہ ووٹ اس لیے ملتے ہیں کیوں کہ لوگ پی ڈی ایم سے نفرت کرتے ہیں، پی ٹی آئی کا ایک اور بڑا نام چند دنوں میں پارٹی چھوڑے گا، عارف علوی نے اپنے محسن کی پیٹھ پر خنجر مارا جس کا خون بہنا بند نہیں ہوگا، یہ سب عمران خان کو دھکہ دینا چاہ رہے تھے اور اس کی جگہ لینا چاہ رہے تھے، جو پرویز الہیٰ کے ساتھ ہو گا وہ ابھی دیکھ لیں گے، آگے نظر آجائے گا۔
انہوں نے کہا عمران خان کو پیسوں کی کبھی کمی نہیں آئی تو ایسا کیا ہو گیا تھا؟ ٹرسٹ کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، ابھی تو میں نے ایک کیس کی بات کی ہے، میں بہاولپور اور چکوال تک جاؤں گا، فیض حمید بھی اس گیم کا حصہ تھے، اس کیس میں بچے گا کوئی نہیں۔ پروگرام میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا میرا نہیں خیال کہ ان میں سے کوئی بھی فارورڈ بلاک میں جائے گا، جہانگیر ترین ایک کامیاب آ د می ہیں، میں ان کی عزت کرتا ہوں، ہم پرانے عمران خان کےساتھ پرانی سیاست کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں