پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنما کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

ملتان (پی این آئی) ملتان میں پی ٹی آئی حقیقی بنانے کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق یوتھ ونگ رہنما راؤ یاسر نے پریس کانفرنس میں تحریک انصاف حقیقی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ پارٹی رجسٹر کروا کر جلد ممبر شپ کا آغاز کروں گا۔

جیلوں میں قید تحریک انصاف کے کارکنوں کو شمولیت کی دعوت دیتا ہوں۔9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں،نوجوانوں کو بہکا کر تنصیبا ت پر حملے کروائے گئے،نوجوان قیادت پارلیمنٹ میں جائے گی جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان نے نیا پاکستان کا خواب دکھایا تھا،عمران خان کے غلط فیصلوں نے ملک کو نازک موڑ پر لا کھڑا کیا۔ بشریٰ بی بی کی کرپشن کا عمران خان کو سب نے بتایا مگر انہوں نے کسی کی نہ سنی،بشریٰ بی بی کی کرپشن پر عمران خان نے آنکھ بند کر لیں۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف یوتھ ونگ کے رہنما راؤ یاسر نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حقیقی تحریک انصاف نہیں ہے تو ہم پارٹی کو چھوڑتے ہیں۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد اب تک پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں جن میں عامر کیانی،محمود مولوی،فیاض الحسن چوہان اور شریں مزاری سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔

اسی طرح گزشتہ روز فواد چوہدری نے بھی پی ٹی آئی اور عمران خان سے علیحدگی کا اعلان کیا،انہوں نے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پہلے ہی مذمت کرچکا ہوں۔ میں نے سیاست سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی پارٹی پوزیشن سے بھی استعفٰی دیتا ہوں اور عمران خان سے بھی علیحدہ ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ جبکہ اسد عمر نے تحریک انصاف کو خیر باد نہیں کہا،انہوں نے وضاحت کی کہ میں نے عہدے چھوڑے ہیں پارٹی نہیں،پارٹی چھوڑنی ہوتی تو واضح اعلان کرتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close